عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد برینٹ اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمتیں 13 جولائی کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئیں۔مارکیٹ اعداد و شمار کے مطابق کاروبار کے اختتام پر برینٹ خام تیل کی قیمت 6.35 ڈالر کمی کے بعد 83.77 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی۔اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 4.33 ڈالر کم ہو کر 80.34 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں یہ نمایاں کمی ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی محکمہ توانائی کی تازہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکا کے اسٹریٹجک پیٹرولیم ریزرو میں خام تیل کے ذخائر 1983 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اس صورتحال کی ایک بڑی وجہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسٹریٹجک ذخائر سے 172 ملین بیرل خام تیل جاری کرنے کی منظوری ہے، جس کے بعد ذخائر میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔توانائی کے شعبے سے وابستہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کا اتار چڑھاؤ صرف ذخائر ہی نہیں بلکہ جغرافیائی سیاسی حالات، سپلائی اور طلب، اوپیک پلس کی پالیسیوں اور عالمی معیشت کی رفتار سے بھی متاثر ہوتا ہے۔ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز میں سرمایہ کار امریکا کے تیل کے ذخائر، اوپیک پلس کے فیصلوں اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری نظر رکھیں گے، کیونکہ یہی عوامل عالمی تیل کی قیمتوں کا رخ متعین کریں گے۔




