پاکستان کی انڈر 21 ہاکی ٹیم نے اپنے غیر ملکی دورے کا شاندار آغاز کردیا۔تفصیلات کے مطابق پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان انڈر 21 ٹیم نے عمان کی سینئر قومی ٹیم کو 0-2 سے شکست دے دی۔ میچ میں عبداللہ نے پینلٹی اسٹروک پر گول اسکور کر کے پاکستان کو برتری دلائی جبکہ رانا سمیع نے بہترین فیلڈ گول کر کے ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ مقابلہ انتہائی سخت اور نامساعد موسمی حالات میں کھیلا گیا۔ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جبکہ شدید حبس کے باعث اس کی شدت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی تھی۔ذرائع کے مطابق یہ میچ اصل شیڈول کے تحت رات کو کھیلا جانا تھا تاہم اچانک آنے والے سمندری بگولے (ٹارنیڈو) کے باعث مرکزی گراؤنڈ کو شدید نقصان پہنچا جس کے بعد انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر میچ کا وقت تبدیل کر کے اسے دوپہر 4:30 بجے متبادل پچ پر منتقل کردیا۔دونوں ٹیموں کو تیز دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود میدان میں اترنا پڑا۔نامساعد حالات کے باوجود پاکستان کے کھلاڑیوں نے بہترین فٹنس، ڈسپلن اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا۔
سینئر بین الاقوامی ٹیم کے خلاف یہ فتح نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافے اور آنے والے مقابلوں کی تیاریوں کے حوالے سے انتہائی اہم پیشرفت قرار دی جا رہی ہے۔




