جولائی 24, 2026

کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر ایرانی حملے، پیٹریاٹ سسٹم اور ڈرون ہینگر تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر مزید حملے کیے ہیں۔ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں امریکا کی حالیہ فوجی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی ہیں اور ان کا ہدف کویت نہیں بلکہ امریکی فوجی اثاثے تھے۔الجزیرہ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا کہ علی السالم ایئر بیس پر واقع ایک بڑے فوجی گودام، پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام اور امریکی ایم کیو نائن ڈرونز کے ایک ہینگر کو نشانہ بنایا گیا۔ایرانی بیان کے مطابق الادیری بیرکس میں امریکی فوجیوں کی رہائشی تنصیبات اور دو ہیلی کاپٹر ہینگرز پر بھی حملے کیے گئے۔ پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں میں امریکی فوج کو جانی اور مالی نقصان پہنچا جبکہ ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کو بھی شدید نقصان ہوا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں ایک مواصلاتی ٹاور کو بھی نشانہ بنایا۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے امریکا کے خلاف جوابی کارروائی کا حصہ ہیں۔تاہم اس خبر کے جاری ہونے تک امریکا یا کویت کی جانب سے ایران کے ان دعوؤں کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ان حملوں اور نقصانات کی تصدیق نہیں ہو سکی۔علاقائی مبصرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، جبکہ صورتحال عالمی توانائی کی منڈیوں اور علاقائی استحکام پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔