ایپل کی جانب سے آنے والے مہینوں میں اپنی آئی فون 18 سیریز متعارف کروائے جانے کا امکان ہے، تاہم اب تک اس کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر 2026 میں متوقع لانچنگ سے پہلے جیسے جیسے جوش و خروش بڑھ رہا ہے، متعدد لیکس کے ذریعے آئی فون 18 پرو ماڈلز کی ایک ابتدائی جھلک سامنے آئی ہے، جس سے اس کے ڈیزائن، رنگ، پروسیسر، کیمرے، بیٹری اور ڈسپلے میں ممکنہ اپ گریڈز کا انکشاف ہوا ہے۔
آئی فون 18 پرو میکس میں بڑی بیٹری اور نئے رنگ
آئی فون 18 پرو میکس کے چینی ماڈل میں 5500mAh بیٹری نصب ہو سکتی ہے جو اب تک کسی آئی فون ماڈل میں فراہم نہیں کی گئی۔ بڑی بیٹری کی وجہ سے فون کی موٹائی تقریباً 9 ملی میٹر اور وزن 240 گرام کے قریب ہو سکتا ہے۔ ایپل پرو لائن اپ کیلیے چار نئے رنگ متعارف کروا سکتا ہے، جن میں ڈارک چیری، لائٹ بلیو، سلور اور ڈارک گرے شامل ہیں۔
ڈسپلے میں چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ
توقع ہے کہ ایپل آئی فون 18 پرو کیلیے 6.3 انچ اور آئی فون 18 پرو میکس کیلیے 6.9 انچ کے ڈسپلے سائز برقرار رکھے گا۔ تاہم، کمپنی ڈائنامک آئی لینڈ کے سائز کو 35 فیصد تک کم کر سکتی ہے، جس سے اسکرین پر زیادہ جگہ دستیاب ہوگی۔
کیمرے میں تبدیل ہونے والے آپرچر کا اضافہ ممکن
آئی فون 18 پرو سیریز کے مین کیمرے میں ایک مینوئل متغیر آپرچر سسٹم متعارف کروایا جا سکتا ہے، یہ فیچر صارفین کو روشنی کے حصول پر زیادہ کنٹرول فراہم کرے گا، جس سے کم روشنی میں فوٹو گرافی بہتر ہوگی اور پورٹریٹ شاٹس میں بیک گراؤنڈ زیادہ قدرتی انداز میں بلر ہو سکے گا۔
قیمتوں میں اضافے کا امکان
آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس اپنے پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ مہنگے ہو سکتے ہیں، ایپل دونوں پرو ماڈلز کی قیمتوں میں 200 ڈالر تک کا اضافہ کر سکتا ہے۔




