جولائی 11, 2026

سام سانگ کا زیڈ فلِپ سیریز بند کرنے پر غور

سام سنگ کے حوالے سے درست معلومات فراہم کرنے والے معروف ٹِپسٹر آئس یونیورس نے دعویٰ کیا ہے کہ کمپنی اپنی گلیکسی زیڈ فلپ فولڈ ایبل اسمارٹ فون سیریز بند کرنے پر غور کر رہی ہے اور ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فلپ 8 اس سیریز کا آخری ماڈل ہوگا۔اگرچہ ماضی میں بھی ایسی افواہیں سامنے آتی رہی ہیں۔ تاہم، اس بار یہ دعویٰ نسبتاً قابلِ اعتماد ذریعے سے سامنے آنے کے باعث توجہ حاصل کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس ممکنہ فیصلے کی ایک بڑی وجہ رَیم اور دیگر پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں، جن کے باعث فولڈ ایبل فونز کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔حال ہی میں موٹرولا ریزر 70 اور ریزر 70 الٹرا کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بھی کمپنی نے مہنگے پرزہ جات کو قرار دیا ہے۔دوسری جانب یورپ اور امریکا جیسے مغربی بازاروں میں کلیم شیل (فلِپ اسٹائل) فولڈ ایبل فونز کی دستیابی بھی کم ہو گئی ہے۔ اوپو، شیاؤمی، ویوو اور آنر یا تو ایسے فونز کی فروخت بند کر چکے ہیں یا انہیں چین سے باہر متعارف ہی نہیں کرایا، جس کے بعد اس وقت صرف سام سنگ اور موٹرولا ہی اس طرز کے فولڈ ایبل فونز فروخت کر رہے ہیں۔تاہم یہ تمام اطلاعات فی الحال غیر مصدقہ افواہوں پر مبنی ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سام سنگ مکمل طور پر سیریز بند کرنے کے بجائے گلیکسی زیڈ فلپ 8 کے بعد اس کی پیشکش عارضی طور پر روک بھی سکتا ہے۔