جولائی 6, 2026

واٹس ایپ کا آئی فون صارفین کیلئے نئے فیچر پر کام جاری!

ٹیکنالوجی کمپنی میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے بھی نئے گرین ڈاٹ فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کے ذریعے کسی کانٹیکٹ کے آن لائن ہونے کا فوری اندازہ لگایا جا سکے گا۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر فی الحال واٹس ایپ کے آئی او ایس بیٹا ورژن 26.26.10.72 میں دستیاب ہے۔اس فیچر کے تحت اگر کوئی کانٹیکٹ آن لائن ہو تو اس کی پروفائل تصویر کے نیچے دائیں جانب ایک چھوٹا سبز دائرہ (گرین ڈاٹ) ظاہر ہوگا۔ جیسے ہی صارف آف لائن ہوگا، یہ نشان خودبخود غائب ہو جائے گا۔رپورٹ کے مطابق فی الحال گرین ڈاٹ صرف ’کانٹیکٹ انفو‘ اسکرین پر نظر آتا ہے، جو کسی صارف کی پروفائل تصویر پر ٹیپ کرنے سے کھلتی ہے۔تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ نشان چیٹس لسٹ یا چیٹس ٹیب میں بھی دکھایا جائے تو صارفین کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوگا۔واٹس ایپ نے اس فیچر کو اپنی موجودہ پرائیویسی سیٹنگز سے منسلک رکھا ہے یعنی اگر کسی صارف نے اپنے لاسٹ سِین یا آن لائن اسٹیٹس کو دوسروں سے چھپا رکھا ہے تو گرین ڈاٹ بھی نظر نہیں آئے گا۔فی الحال یہ فیچر صرف چند بیٹا صارفین کے لیے اینڈرائیڈ اور آئی فون پر دستیاب ہے جبکہ کمپنی نے عام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ دستیابی کی کوئی تاریخ نہیں بتائی۔