جولائی 5, 2026

اپر چترال میں گلیشیائی پگھلاؤ سے سیلاب آنے کے سبب واحد رابطہ پل بہہ گیا، زمینی رابطہ منقطع

اپر چترال میں گلیشیائی پگھلاؤ کے باعث ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی، جس سے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔اطلاعات کے مطابق یارخون کے علاقے بانگ گول میں اچانک سیلاب آنے سے پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں گھروں، باغات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا اور کئی علاقے زیرِ آب آ گئے۔شدید سیلاب کے باعث بنگ نالہ پر قائم واحد رابطہ پل بھی دریا برد ہوگیا، جس سے یارخون ویلی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔ پل بہہ جانے کے بعد یارخون کی تقریباً 50 ہزار آبادی کا واحد زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق مستوج، بروغل روڈ بھی ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔علاقے کے عوام نے متعلقہ حکام، حکومتِ خیبر پختونخوا اور فلاحی تنظیموں سے فوری امدادی کارروائیاں شروع کرنے، متبادل راستے بحال کرنے اور متاثرہ افراد کی مدد کی اپیل کی ہے۔