جون 27, 2026

آئرلینڈ نے چھ اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی کے باوجود بھارت کو تاریخی شکست دے دی

آئرلینڈ نے انجری کے باعث چھ اہم کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باوجود غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔بیلفاسٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر میزبان آئرلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ کپتان لوکران ٹکر 50 اور گیرتح ڈیلانی 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 148 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ابھیشیک شرما 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔
بھارت کے خلاف آئرلینڈ کی اس تاریخی کامیابی میں بھارتی نژاد فاسٹ بولر جے مونڈرا نے یادگار ڈیبیو کیا۔
انہوں نے اپنے پہلے ہی بین الاقوامی میچ میں 26 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پہلی ہی گیند پر سنجو سیمسن کو آؤٹ کر کے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ایک اور ڈیبیو کرنے والے بولر میتھیو ہولارڈ نے بھی عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 28 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔یہ کامیابی آئرلینڈ کے لیے اس مایوس کن ورلڈ کپ مہم کے بعد بڑا حوصلہ افزا لمحہ ثابت ہوئی، جہاں زمبابوے کے خلاف بارش سے متاثرہ میچ نے سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کی امیدیں ختم کردی تھیں۔
واضح رہے کہ اس کامیابی کے ساتھ آئرش ٹیم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ بڑی ٹیموں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، جیسا کہ ماضی میں 2007 اور 2011 کے ورلڈ کپ میں پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف بھی کر چکی ہے۔