جون 26, 2026

فیفا ورلڈ کپ: ترکیہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد امریکا کو آخری لمحات میں شکست دیدی

فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے آخری میچ میں ترکیہ نے امریکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کر لی، جبکہ دوسرے میچ میں پیراگوئے اور آسٹریلیا کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔سوفائی اسٹیڈیم میں 70 ہزار 492 شائقین کی موجودگی میں کھیلے گئے میچ کا آغاز امریکا نے شاندار انداز میں کیا۔ تیسرے ہی منٹ میں سیباسٹین برہالٹر کے کارنر پر آسٹن ٹرسٹی نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔ترکیہ نے جلد ہی کم بیک کرتے ہوئے 10ویں منٹ میں آردا گولر کے خوبصورت گول کی بدولت مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ 31ویں منٹ میں ایرن ایلمالی کی عمدہ موو کو بارش الپر یلماز نے گول میں تبدیل کر کے ترکیہ کو 2-1 کی برتری دلائی۔دوسرے ہاف کے 49ویں منٹ میں امریکا نے ایک بار پھر واپسی کرتے ہوئے سیباسٹین برہالٹر کے گول کی بدولت اسکور 2-2 کر دیا۔اس کے بعد، 63ویں منٹ میں امریکی اسٹار کرسچن پولیسک کی شاٹ گول پوسٹ سے ٹکرا گئی، جبکہ برینڈن آرونسن بھی ایک سنہری موقع ضائع کر بیٹھے۔میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا، جب 90+8ویں منٹ میں جان اوزون کی شاٹ کو الیکس فری مین نے گول لائن سے روک لیا، تاہم ریباؤنڈ پر کان آیہان نے گیند خالی جال میں پہنچا کر ترکیہ کو 2-3 کی یادگار فتح دلا دی۔دوسری جانب سانتا کلارا میں کھیلے گئے گروپ کے دوسرے میچ میں پیراگوئے اور آسٹریلیا کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ آسٹریلیا نے 60 فیصد سے زائد گیند پر کنٹرول برقرار رکھا، لیکن پیراگوئے کے مضبوط دفاع کے باعث کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔