جون 25, 2026

پروفی یا عام کافی؟ ماہرین نے صحت کیلئے بہتر انتخاب بتا دیا

سوشل میڈیا پر ان دنوں ’پروفی‘ کا رجحان تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، پروفی دراصل کافی اور پروٹین کا امتزاج ہے جسے فٹنس کے شوقین افراد، ورزش کرنے والے اور مصروف پیشہ ور افراد پسند کر رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق پروفی عام کافی کے مقابلے میں زیادہ دیر تک پیٹ بھرا رہنے کا احساس دلاتی ہے، توانائی کو متوازن انداز میں برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے اور بار بار کافی پینے کی خواہش کو بھی کم کرتی ہے۔غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ پروٹین ہاضمے کے عمل کو سست کرتا ہے جس سے بتدریج توانائی حاصل ہوتی رہتی ہے اور اچانک تھکن یا توانائی میں کمی کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔تاہم پروفی کو مکمل ناشتہ نہیں سمجھنا چاہیے کیونکہ متوازن غذا میں پروٹین کے ساتھ فائبر، صحت بخش چکنائیاں (گُڈ فیٹس) اور سیچوریٹڈ کاربوہائیڈریٹس بھی ضروری ہوتے ہیں۔ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ پروفی تیار کرتے وقت کم شکر والا معیاری پروٹین استعمال کیا جائے اور کافی کو ٹھنڈا یا نیم گرم رکھ کر ملایا جائے تاکہ مشروب کی ساخت بہتر رہے۔دوسری جانب حد سے زیادہ پروفی پینے سے بے خوابی، بے چینی، دل کی دھڑکن تیز ہونے، پیٹ کی خرابی اور پانی کی کمی جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔غذائی ماہرین نے گردوں کے مریضوں اور کیفین سے حساس افراد کو پروفی احتیاط کے ساتھ پینے کا مشورہ دیا ہے۔ماہرین کے مطابق اگر کسی شخص کی روزانہ پروٹین کی ضرورت پوری نہیں ہو رہی یا وہ کافی کے بعد جلد بھوک محسوس کرتا ہے تو پروفی ایک مفید انتخاب ہو سکتا ہے تاہم متوازن غذا لینے والے افراد کے لیے عام کافی بھی بدستور ایک مناسب مشروب ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پروفی کوئی جادوئی صحت بخش مشروب نہیں بلکہ ایک غذائی سہولت ہے جس کے فوائد اس کے استعمال کی مقدار اور مجموعی غذائی عادات پر منحصر ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔