فیفا ورلڈکپ 2026 میں متعدد شائقین کے بغیر ٹکٹ اسٹیڈیم میں گھسنے کے بعد سیکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھنے لگے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈیلاس میں انگلینڈ اور کروشیا کے درمیان میچ کے دوران متعدد انگلش شائقین ٹکٹ کے بغیر ہی اسٹیڈیم میں داخل ہوگئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ متعدد افراد ٹکٹ اور سیکیورٹی چیک سے بچتے ہوئے باآسانی اسٹیڈیم میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ایک انگلش مداح جس کے پاس باقاعدہ ٹکٹ موجود تھا اس نے صورتحال کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹکٹ چیکنگ بیریئرز کے اطراف میں بڑے بڑے خلا تھے جہاں سے لوگ آرام سے اندر داخل ہوتے رہے۔عینی شاہد کا مزید کہنا تھا کہ وہاں موجود رضاکار زیادہ تر بزرگ خواتین تھیں جو کسی کو نہیں روک رہی تھیں۔ میں نے اپنا ٹکٹ اسکین کروایا لیکن کسی نے میرے جھنڈے یا ہاتھ میں موجود ورلڈ کپ ٹرافی کی نقل تک چیک نہیں کی۔ان کے مطابق کچھ افراد بغیر ٹکٹ اسکین کیے ہی داخل ہو گئے جبکہ بعض نے رکاوٹیں پھلانگ کر اندر جانے کی کوشش کی۔واضح رہے کہ اس میچ کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کا دعویٰ کیا گیا تھا جس میں اسٹیڈیم کے اندر ماہر اسنائپرز کی تعیناتی بھی شامل تھی۔پولیس حکام نے بھی کہا تھا کہ خصوصی تربیت یافتہ اہلکار موجود ہیں تاہم اس کے باوجود یہ واقعہ تشویش کاباعث بن گیا۔دوسری جانب فیفا کے ترجمان نے کہا کہ فی الحال انہیں کسی کے بغیر ٹکٹ داخل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے جبکہ پولیس نے اس حوالے سے لاعلمی ظاہر کی ہے۔اس صورتحال پر مہنگے ٹکٹ خریدنے والے شائقین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔




