جون 11, 2026

خلیج عمان میں ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والا بھارتی آئل ٹینکر امریکی حملے میں تباہ

بحیرۂ عمان میں ایک بھارتی آئل ٹینکر کو امریکی فضائی حملے میں نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔رائٹرز کے مطابق بھارتی آئل ٹینکر مبینہ طور پر امریکی وارننگز کے باوجود سرگرمی جاری رکھے ہوئے تھا اور ایران سے تیل کی ترسیل کی کوشش کر رہا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق جہاز نے امریکی ہدایات کی خلاف ورزی کی، جس کے بعد کارروائی کی گئی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ امریکی افواج نے جہاز کے انجن روم کو پریسیژن گائیڈڈ ہتھیاروں سے نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔ حملے کے بعد جہاز میں سوار عملے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔رائٹرز کے مطابق جہاز کے 28 رکنی عملے میں سے 24 افراد بھارتی شہری تھے، جبکہ ابتدائی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد کچھ افراد لاپتا ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔دوسری جانب بھارتی حکومت نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے امریکا کے نائب مشن سربراہ کو طلب کر لیا اور باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کی مکمل تحقیقات اور وضاحت چاہتے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق حملے میں 2 بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق اس واقعے نے خطے میں پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے اور عالمی توانائی سپلائی چین پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیج عمان جیسے حساس سمندری راستے میں کسی بھی کارروائی کے اثرات عالمی منڈیوں پر فوری طور پر ظاہر ہو سکتے ہیں۔