جون 10, 2026

ٹیم کی خراب پرفارمنس، پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑے آپریشن کی تیاری کرلی

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑے پیمانے پرآپریشن کی تیاری کر لی، ٹیسٹ کپتانی میں تبدیلی زیر غور ہے، شان مسعود کی جگہ سلمان علی آغا کو ذمہ داری سونپنے کا قوی امکان ہے، کوچنگ سیٹ اپ میں بڑے رد و بدل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑے پیمانے پر انتظامی اور دیگر سطح پر اہم تبدیلیوں کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت اور ہفتے کو اہم اجلاس منعقد ہونے کا امکان ہے جس میں قومی کرکٹ کے نظام، اہم عہدوں اور ٹیم معاملات پر بڑے فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔ذرائع کے مطابق ٹیسٹ ٹیم کی قیادت میں تبدیلی بھی زیر غور ہے، شان مسعود کو ذمہ داریوں سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، ان کی جگہ آل رائونڈر سلمان علی آغا کو قیادت سونپنے پر غور ہونے لگا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ اجلاس میں متوقع ہے یاد رہے کہ شان مسعود کو 2023 میں دورہ آسٹریلیا سے قبل پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا تھا، ان کی قیادت کا آغاز3-0 کی شکست سے ہوا، مجموعی طور پر انہوں نے اب تک 16 ٹیسٹ میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھالی، چار میں کامیابی ملی جبکہ 12 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، حالیہ دورہ بنگلہ دیش میں بھی قومی ٹیم کو 2-0 سے خفت کا سامنا کرنا پڑا۔اسی طرح ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ سیٹ اپ میں بھی بڑی تبدیلیوں کی اطلاعات ہیں۔ سابق کپتان سرفرازاحمد کے مستقبل پر غیر یقینی صورتحال پائی جا رہی ہے، سابق کپتان یونس خان کو ٹیسٹ ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داری سونپنے پر غور کیا جا رہا ہے۔اسی کے ساتھ سابق کرکٹر محمد حفیظ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ کی اہم پوسٹ کے لیے زیر غور ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان ممکنہ تقرریوں کا مقصد ٹیم کے نظام کو ازسرنو مضبوط بنانا اور کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔سلیکشن کمیٹی میں بھی رد و بدل کا امکان موجود ہے، ٹیم کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے بعض سلیکٹرز کو تبدیل کیا جانا خارج ازامکان نہیں، کرکٹ آپریشنز سمیت دیگر اہم انتظامی عہدوں پر بھی نئے چہروں کی شمولیت پر غور جاری ہے۔