ہر سال ایپل کی جانب سے آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جاتا ہے جس میں متعدد نئے فیچرز کا اضافہ کیا جاتا ہے۔اس سال آئی او ایس 27 آئی فون صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔ایپل کا نیا موبائل آپریٹنگ سسٹم عام افراد کو ممکنہ طور پر ستمبر میں دستیاب ہوگا۔ایپل کی جانب سے سالانہ ڈبلیو ڈبلیو ڈی سی 2026 کانفرنس کے موقع پر آئی او ایس 27 کے بارے میں تفصیلات بتائی گئیں جس میں متعدد نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جیسے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی سیری اپ گریڈ۔مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ آئی او ایس 27 کن آئی فونز پر دستیاب ہوگا۔ایپل کے اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں موجود اے آئی فیچرز آئی فون 15 پرو، 15 پرو میکس، آئی فون 16 سیریز، آئی فون 16 ای، آئی فون 17 ای، آئی فون ائیر اور آئی فون 17 سیریز تک محدود ہوں گے۔البتہ آئی او ایس 27 متعدد پرانے ماڈلز کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم صرف آئی فون 11 یا اس کے بعد کے ماڈلز کے لیے دستیاب ہوگا اور 2018 یا اس سے پہلے کے فونز میں اسے اپ ڈیٹ نہیں کیا جاسکے گا۔یعنی آئی فون 11، 11 پرو، 11 پرو میکس، آئی فون 12، 13، 14، 15، 16 اور 17 سیریز کے فونز میں اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کرنا ممکن ہوگا۔اسی طرح آئی فون ایس ای (سیکنڈ جنریشن یا اس کے بعد کا ورژن) میں بھی اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جاسکے گا۔




