جون 5, 2026

لبنان پر اسرائیلی حملے جاری، حزب اللہ نے جنگ بندی کو ’ڈھونگ‘ قرار دے دیا، اموات کی تعداد 3526 ہوگئی

بیروت: لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکا کی ثالثی میں طے پانے والی نئی جنگ بندی کو حزب اللہ نے مسترد کرتے ہوئے اسے ’ڈھونگ‘ قرار دے دیا ہے، جبکہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے حکام نے واشنگٹن میں امریکی ثالثی کے ذریعے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا، تاہم حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اس معاہدے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اسرائیل لبنان پر حملے جاری رکھے گا، شمالی اسرائیل حزب اللہ کے حملوں کی زد میں رہے گا۔لبنان کی وزارت صحت کے مطابق 2 مارچ سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 3 ہزار 526 افراد جاں بحق جبکہ 10 ہزار 733 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جنوبی لبنان اور دیگر علاقوں میں فضائی اور زمینی حملوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگی اختیارات محدود کرنے کی حمایت کرنے والے قانون سازوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اپنے مقاصد حاصل کرے گا، خواہ یہ کامیابی سفارتی طریقے سے ہو یا عسکری میدان میں۔ادھر ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے بھی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک اسرائیل لبنانی سرزمین سے انخلا نہیں کرتا، خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری مذاکرات میں لبنان کے تنازع کے خاتمے کا معاملہ بھی شامل ہے۔تجزیہ کاروں کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی مسترد کیے جانے کے بعد خطے میں کشیدگی کم ہونے کے امکانات متاثر ہوئے ہیں، جبکہ لبنان، اسرائیل اور ایران سے متعلق صورتحال مشرقِ وسطیٰ کے امن و استحکام کے لیے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے۔