جون 4, 2026

پیٹ کمنز آسٹریلیا کیلیے کم از کم 21 مزید ٹیسٹ میچز کھیلنے کے خواہشمند

آسٹریلوی ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان پیٹ کمنز نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ 12 ماہ کے مصروف ترین شیڈول کے دوران تمام ٹیسٹ میچز کھیل سکیں گے۔تاہم پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے تینوں اہم فاسٹ بولرز کا ہر میچ میں دستیاب رہنا غیر معمولی بات ہوگی۔کمر کی انجری کے باعث طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہنے کے بعد کمنز نے حال ہی میں آئی پی ایل میں واپسی کی جہاں انہوں نے چار ماہ بعد مسابقتی کرکٹ کھیلی۔ان کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے نتائج مثبت آئے ہیں اور اب وہ اپنی فٹنس کو ٹیسٹ کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔آسٹریلیا اگست میں بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز سے ایک ایسے دور کا آغاز کرے گا جس میں اگلے ایک سال کے دوران 21 تک ٹیسٹ میچز کھیلنے کا امکان ہے۔اس دوران ٹیم بھارت اور انگلینڈ کے اہم دوروں کے علاوہ جنوبی افریقا کا بھی سفر کرے گی۔کمنز کا کہنا ہے کہ اتنے زیادہ ٹیسٹ میچز میں ایک ہی فاسٹ بولنگ اٹیک کا مسلسل کھیلنا مشکل دکھائی دیتا ہے اس لیے کھلاڑیوں کی روٹیشن ناگزیر ہو سکتی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی پہلی ترجیح ٹیسٹ کرکٹ ہوگی اس لیے محدود اوورز کی کرکٹ اور بگ بیش لیگ میں شرکت محدود رہ سکتی ہے۔کمنز نے تجربہ کار فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی بھی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انجری مسائل کے باوجود وہ مستقبل میں باقاعدگی سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔