لنکا پریمیئر لیگ ڈرافٹ میں پاکستانی کھلاڑی توجہ کا مرکز بنے رہے او پانچ کرکٹرز کو لیگ کا باقاعدہ حصہ بنا لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق محمد نواز، محمد حارث، شاہنواز دھانی، عاکف جاوید اور محمد وسیم جونیئر کو ایل پی ایل کی مختلف ٹیموں کا حصہ بن گئے۔گال گیلنٹس نے محمد نواز کو اوور سیز پلاٹینم کیٹیگری اور ابھرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عاکف جاوید کو گولڈ کیٹیگری میں منتخب کیا۔کولمبو کیپس نے بھی دو پاکستانی کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا جن میں وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو کلاسک کیٹیگری جبکہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو گولڈ کیٹیگری میں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا۔دوسری جانب دمبولا سکسرز نے پاکستانی فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر کو گولڈ کیٹیگری میں منتخب کیا۔وہ ٹورنامنٹ میں اپنے ہم وطن صاحبزادہ فرحان کے ساتھ کھیلیں گے جنہیں فرنچائز نے ڈرافٹ سے قبل اوور سیز آئیکون پلیئر کے طور پر سائن کیا تھا۔لنکا پریمیئر لیگ 2026 کا آغاز 17 جولائی سے ہوگا جبکہ فائنل 8 اگست کو کھیلا جائے گا۔افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن جافنا کنگز اور گال گیلنٹس کے درمیان کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے میچز کولمبو، دمبولا اور کینڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ ناک آؤٹ مرحلہ اور فائنل آر پریماداسا اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔پاکستانی شائقین کی نظریں ایک بار پھر اپنے کھلاڑیوں پر ہوں گی جو سری لنکا کی اس بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے نظر آئیں گے۔




