جون 2, 2026

امریکا: فلوریڈا کی ریاست نے اوپن اے آئی کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا

امریکا کی ریاست فلوریڈا نے پیر کے روز ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی اور اس کے سی ای او سیم آلٹمین کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کمپنی نے جان بوجھ کر چیٹ جی پی ٹی کو عوام کے لیے جاری اور اس کے سنگین خطرات کو چھپایا گیا۔فلوریڈا کے اٹارنی جنرل جیمز اُتھمیئر نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کمپنی نے اندرونی حفاظتی انتباہات کو نظر انداز کیا اور صارفین کو پروڈکٹ کی اصل نوعیت اور خطرات کے حوالے سے گمراہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آج پہلی بار ریاستی سطح پر اوپن اے آئی اور اس کے سی ای او سیم آلٹمین کے خلاف مقدمے کا اعلان کیا ہے۔ اوپن اے آئی اور آلٹمین نے اندرونی اور بیرونی حفاظتی وارننگز کو نظر انداز کیا، بچوں کو بڑے خطرے میں ڈالا اور ایک خطرناک پروڈکٹ لاکھوں فلوریڈا کے شہریوں تک پہنچنے دی۔شکایت میں دو الگ فائرنگ کے واقعات کا ذکر کیا گیا ہے، جن میں مبینہ حملہ آوروں نے اپنے جرائم کی منصوبہ بندی کے دوران چیٹ جی پی ٹی سے سوالات پوچھے تھے۔اوپن اے آئی نے اس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ماڈلز نے بار بار ان افراد کو حقیقی دنیا میں مدد لینے کی ترغیب دی جس میں ذہنی صحت کے ماہرین سے رابطہ کرنے کی ہدایت بھی شامل ہے۔کمپنی نے یہ بھی کہا کہ وہ دونوں واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کر چکی ہے۔