سعودی عربیہ نے حج کے دوران لاکھوں حجاج کرام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جامع دفاعی اور سکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔سعودی وزارت دفاع کی جانب سے مقدس مقامات کے اطراف جدید دفاعی نظام نصب کرنے کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔سعودی وزارت دفاع کے مطابق حج کے دوران مسجد الحرام اور اس کے اطراف مضبوط فضائی دفاعی حصار قائم کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ فضائی خطرے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ مقدس مقامات مزدلفہ، منیٰ اور عرفات کے گرد بھی سخت فضائی نگرانی جاری ہے۔ حجاج کرام کی حفاظت، اطمینان اور پرامن عبادات کو یقینی بنانے کے لیے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔سعودی حکام کے مطابق فضائی دفاعی فورسز جدید ٹیکنالوجی اور نگرانی کے نظام سے لیس ہیں اور ہر قسم کے فضائی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ اس کے علاوہ زمینی سکیورٹی، ایمرجنسی رسپانس اور ہنگامی امدادی ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔سعودی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ حج کے دوران سکیورٹی ادارے چوبیس گھنٹے فعال رہیں گے تاکہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمینِ حج محفوظ ماحول میں اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں۔




