مئی 23, 2026

کمبوڈیا میں گرفتاریوں سے متعلق معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں کی گرفتاریوں سے متعلق معاملہ حکومت کے نوٹس میں ہے اور اس حوالے سے ایف آئی اے اور پاکستانی مشنز کی کوششوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں شروع ہوا تاہم وقفہ سوالات کے آغاز پر ہی اپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی کردی گئی۔پی ٹی آئی کے رکن اقبال آفریدی نے کورم کی نشاندہی کی جس پر اسپیکر نے ارکان کی گنتی کا حکم دیا، تاہم ایوان میں کورم پورا نہ نکلا اور اجلاس کی کارروائی کورم مکمل ہونے تک ملتوی کردی گئی۔ بعد ازاں اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔اجلاس کے دوران بیرسٹر گوہر علی خان نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ ایوان کو مضبوط کرنے کی کوشش کی لیکن ان کا مؤقف دبانے کیلئے مائیک بند کردیئے جاتے ہیں اور تقاریر نشر نہیں کی جاتیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ ان کے راستے بھی بند کیے گئے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین کی بہنوں کے ساتھ وزیراعلیٰ کے پی کے کو چونگی نمبر 26 پر روکا گیا، بانی چیئرمین کی ملاقاتیں نہیں ہورہیں اور ان کے علاج معالجے میں بھی رکاوٹیں ہیں۔انہوں نے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کے ایک ایم ایل اے کو گھر سے اٹھائے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ایوان میں اپوزیشن رکن اقبال آفریدی نے “سائفر کی حقیقت، بانی چیئرمین سچا ہے” کا بینر بھی اٹھا رکھا تھا جبکہ اپوزیشن چیف وہپ ملک عامر ڈوگر انہیں کورم کی نشاندہی سے روکنے کی کوشش کرتے رہے۔دوسری جانب کمبوڈیا میں پاکستانی شہریوں کی گرفتاریوں سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس رکن اسمبلی شمائلہ نے پیش کیا جس کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ معاملہ حکومت کے نوٹس میں ہے اور اس حوالے سے ایف آئی اے اور پاکستانی مشنز کی کوششوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کمبوڈیا سے متعلق 286 انکوائریاں کی گئیں، 111 مقدمات درج ہوئے جبکہ 2222 افراد کو ایس روٹ پر آف لوڈ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین برس میں 3158 ایجنٹس گرفتار کیے گئے اور ایف آئی اے کے 100 سے زائد اہلکاروں کو نوکریوں سے نکالا گیا۔وزیر داخلہ طلال چوہدری نے کچے کے علاقے میں اغوا ہونے والی بچی کے معاملے پر بھی ایوان کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ بچی کوٹ شاہو میں موجود ہے اور ایک پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا جاچکا ہے۔ان کے مطابق ڈاکو کے رشتہ داروں کا دعویٰ ہے کہ بچی کو والدین سے خریدا گیا تھا جبکہ اس وقت علاقے میں آپریشن جاری ہے۔ادھر شازیہ مری نے میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کے معاملے پر نکتہ اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ نجی ٹی وی چینل نے 170 ملازمین کو فارغ کردیا جبکہ کئی دیگر چینلز بھی تنخواہیں ادا نہیں کررہے. انہوں نے کہا کہ عید قریب ہے لیکن متعدد اداروں میں اب بھی تنخواہیں نہیں دی گئیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت اور وزیر اطلاعات کی کوششوں سے کئی اداروں میں تنخواہیں ادا کردی گئی ہیں اور حکومت کوشش کررہی ہے کہ عید سے قبل باقی میڈیا کارکنان کو بھی واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی۔