مئی 14, 2026

قطر سے دو ایل این جی کارگو پاکستان پہنچ گئے، مزید سپلائی کیلیے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد:قطر سے دو ایل این جی کارگو پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ ایل این جی کی مزید سپلائی کے لیے پاکستان اور قطر کا قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوگیا۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے بروقت سہولت کاری سے پاکستان کو ایل این جی سپلائی پر اظہارِ تشکر کیا۔علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان کی ترجیح یہ ہے کہ ضروری منظوریوں کے ساتھ دوست ممالک سے سپلائیز حاصل کی جائیں، ایسے وقت میں قطر کے تعاون کی قدر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ توانائی ضروریات کے پیش نظر اضافی گیس سپلائی کے حصول کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ فیلڈ مارشل اور نائب وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت ایک جامع انرجی سیکیورٹی پالیسی تشکیل دے رہی ہے۔قطری سفیرکا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں اور تعمیری کردار کو سراہتے ہیں۔اس موقع پر مستقبل میں بالخصوص اسٹریٹجک اسٹوریجز کے حوالے سے توانائی تعاون کے لیے باہمی رابطہ مزید مضبوط بنانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔