خلا میں روس کے دو فوجی سیٹلائٹس پُر اسرار انداز میں حرکت کرتے پائے گئے۔ماہرینِ فلکیات نے روس کے دو فوجی سیٹلائٹس کو خلا میں ایک دوسرے کے انتہائی قریب آتے دیکھا، جہاں دونوں کے درمیان فاصلہ صرف 3 میٹر رہ گیا اور یہ پراسرار حرکت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی۔کوس موس 2581 اور کوس موس 2583 نامی یہ سیٹلائٹس (جنہیں فروری 2025 میں روسی خلائی ادارے روس کوس موس نے خلا میں بھیجا تھا) گزشتہ ہفتے تقریباً 585 کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں گردش کرتے ہوئے آمنے سامنے آ گئے۔اس واقعے پر امریکا کی خلائی نگرانی کی کمپنی کومسپوک (COMSPOC) نے نظر رکھی، جس کے بعد خلائی جاسوسی اور مدار میں ممکنہ تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔کومسپوک نے سوشل پلیٹ فارم ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ اس ہفتے نے روسی سیٹلائٹس کے درمیان ایک نہایت پیچیدہ اور غیرمعمولی قربت والا واقعہ رونما ہوا۔کمپنی کے مطابق یہ محض اتفاقیہ گزر نہیں تھا کوسموس 2583 نے کئی بار نہایت باریک اور درست انداز میں حرکتیں کیں تاکہ دونوں سیٹلائٹس ایک دوسرے کے اتنے قریب رہ سکیں۔ روس جو بھی آزما رہا ہے، وہ انتہائی جدید اور پیچیدہ ٹیکنالوجی معلوم ہوتی ہے۔




