مئی 5, 2026

چارسدہ: معروف عالم دین مولانا محمد ادریس قاتلانہ حملے میں شہید، صدر اور وزیر اعظم کا اظہار افسوس

چارسدہ کی معروف مذہبی شخصیت، سابق رکن صوبائی اسمبلی اور شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے۔ذرائع کے مطابق مولانا محمد ادریس پر فائرنگ کا واقعہ ضلع چارسدہ کے علاقے اتمانزئی میں پیش آیا۔ واقعے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے، مولانا محمد ادریس دورہ حدیث درس دینے کے لیے دارالعلوم اتمانزئی جارہے تھے کہ یہ واقعہ رونما ہوا، ان کی لاش ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی گئی جہاں اطلاع ملتے ہی ان کے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند پہنچ گئے۔شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کا شمار پاکستان کے نامور اور جید علماء کرام میں ہوتا تھا، پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی، واقعہ کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے، فائرنگ کے واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، تفتیشی ٹیموں نے موقع پر موجود سیف سٹی کیمروں کی مدد سے حملہ آوروں کی تصاویر حاصل کرلی ہیں اور دہشت گردوں کا تعاقب جاری ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے احکامات جاری کردیے، انہوں نے کہا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے، ملوث عناصر کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔ مولانا محمد ادریس کی نماز جنازہ آج 5 مئی 2026ء بروز منگل سہ پہر 5:30 بجے ان کے آبائی گاؤں ترنگزئی ضلع چارسدہ میں اداء کی جائے گی۔
صدر اور وزیر اعظم کا اظہار افسوس
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے چارسدہ میں مولانا محمد ادریس ترنگزئی کی قاتلانہ حملے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایوان صدر سے جاری بیان میں صدرِ مملکت نے کہا کہ ایسے بزدلانہ دہشت گرد حملوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، وطنِ عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی عزم مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی، ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا، انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی، اللّہ تعالیٰ سے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی، صدرِ مملکت کی واقعے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی مولانا محمد ادریس کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے واقعے میں زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مولانا ادریس کی قاتلانہ حملہ میں شہادت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے رپورٹ طلب کی۔فیصل کریم کنڈی نے شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت کو ملک کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا، انہوں نے کہا کہ شہید کی زندگی دین کے پرچار اور امن کے فروغ میں صرف ہورہی تھی ایسے علماء فتنہ الخوارج فتنہ الہندوستان کے آنکھوں میں کھٹکتے ہیں۔ مولانا کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی قاتلوں کو عبرت کا نشانہ بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا محمد ادریس کی شہادت افسوسناک ہے، مشکل کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مولانا ادریس کی شہادت پر اپنے بیان میں کہا کہ مولانا محمد ادریس ایک باوقار شخصیت تھے۔ ان کی دینی، علمی، سیاسی اور سماجی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی۔سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس دلخراش سانحے پر اہلِ خانہ اور تمام لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال لمحۂ فکریہ ہے۔ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے، مگر مسلسل ایسے واقعات حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔