کراچی:کراچی میں آج ہفتے کے روز شدید گرمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے شہر میں آج گرم ترین دن ریکارڈ ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔موسم سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز جمعہ کو بھی گرمی کی شدت اپنے عروج پر رہی اور محسوس کیے جانے والا درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا، جبکہ رات کے اوقات میں بھی ہوا نہ ہونے کے باعث حبس برقرار رہا۔ماہرین نے بتایا کہ آج شہر میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ مضافاتی علاقوں میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو بھی چھو سکتا ہے۔تاہم ہوا کی رفتار کم اور نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث دوپہر کے اوقات میں محسوس کیے جانے والا درجہ حرارت 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔اسی طرح شام کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہونے سے موسم میں جزوی بہتری کا امکان ہے، تاہم رات کو ایک بار پھر ہوا کی رفتار کم ہونے کے باعث حبس کی کیفیت برقرار رہ سکتی ہے۔اس صورتحال میں شہریوں کو شدید گرمی اور نمی کے باعث مشکلات کا سامنا رہنے کا خدشہ ہے۔ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اس گرم موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں زیادہ دیر تک رہنے سے گریز کریں۔ بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ شدید گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔




