الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال کو متعدد سنگین امراض جیسے کینسر، موٹاپے، امراض قلب اور دیگر سے منسلک کیا جاتا ہے۔مگر اب دریافت ہوا ہے کہ ان غذاؤں کا استعمال توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو بھی متاثر کرتا ہے۔یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آٗی۔آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی اور برازیل کی São Paulo یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر کوئی فرد الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال کرتا ہے تو اس کی دماغ کی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ دماغی تنزلی کا شکار بنانے والے مرض ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ایک بہت عام عادت جو قبض کا شکار بنا دیتی ہے
واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔ان غذاؤں کو متعدد دائمی امراض جیسے امراض قلب، کینسر اور دیگر سے منسلک کیا جاتا ہے اور اب نئی تحقیق میں ان کا ایک اور نقصان سامنے آیا ہے۔اس نئی تحقیق میں 21 سو سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا جو آغاز میں ڈیمینشیا سے محفوظ تھے۔ان افراد کی غذائی عادات اور دماغی صحت کے درمیان تعلق کا تجزیہ کیا گیا۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزاکی بنیاد پر الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال میں معمولی اضافے سے بھی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی آتی ہے۔محققین نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال میں 10 فیصد اضافے سے ہی توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی آتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 10 فیصد اضافہ ایک چپس کے پیکٹ کے برابر سمجھا جاسکتا ہے اور ایسے افراد دماغی آزمائش کے ٹیسٹوں میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے لگتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ اکثر صحت کے لیے مفید غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں مگر کچھ مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کو جزوبدن بناتے ہیں، تو اس سے بھی دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں
محققین کے مطابق جب غذاؤں کو پراسیس کیا جاتا ہے تو ان کی قدرتی ساخت تباہ ہو جاتی ہے جبکہ ان میں نقصان دہ اجزا جیسے مصنوعی فلیور یا کیمیکلز کا اضافہ کیا جاتا ہے جن سے دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے کیونکہ اس سے جڑے عناصر جیسے ہائی بلڈ پریشر یا موٹاپے کا سامنا ہوتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج جرنل Alzheimer’s & Dementia: Diagnosis, Assessment & Disease Monitoring میں شائع ہوئے۔




