اپریل 16, 2026

آسٹریلوی بلے باز ٹم ڈیوڈ آئی پی ایل میں بڑی مشکل میں پھنس گئے

آسٹریلیا کے جارح مزاج بلے باز ٹم ڈیوڈ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مشکل میں پھنس گئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹم ڈیوڈ کو انڈین پریمیئر لیگ کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر 25 فیصد میچ فیس جرمانہ اور ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا ہے۔یہ واقعہ 12 اپریل کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں رائل چیلنجرز بنگلور اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ کے دوران پیش آیا۔ٹم ڈیوڈ پر آرٹیکل 2.4 کی خلاف ورزی کا الزام تھا، جو امپائر کے حکم کو نظر انداز کرنے سے متعلق ہے۔پہلی خلاف ورزی 18 ویں اوور کے دوران ہوئی جب ٹم نے گیند بدلنے کے بعد فوری طور پر گیند امپائر کو نہ دی بلکہ گیند کو چیک کیا۔دوسری خلاف ورزی آخری اوور میں ہوئی جب وہ دوبارہ امپائر کے حکم کی پیروی نہیں کر سکے، جس کے نتیجے میں غیر تعمیل کے دو واقعات بن گئے۔ٹم ڈیوڈ نے جرم کا اعتراف کیا اور میچ ریفری کی جانب سے عائد کی جانے والی سزا قبول کرلی۔دوسری جانب ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا کو سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔