گھریلو استعمال میں فریج کو ایک لازمی جزو سمجھا جاتا ہے جو خوراک کو تازہ رکھنے، وقت بچانے اور خراب ہونے سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق ہر چیز کو فریج میں رکھنا درست نہیں۔ بعض غذائیں ایسی بھی ہیں جنہیں ٹھنڈے درجہ حرارت میں رکھنا نہ صرف ان کے ذائقے اور معیار کو متاثر کرتا ہے بلکہ بعض صورتوں میں صحت کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔آیئے جانتے ہیں کہ وہ کونسی چیزیں ہیں جنہیں فریج میں رکھنا درست نہیں ہے۔آلو کو ذخیرہ کرنے کے لیے باورچی خانے میں کسی ٹھنڈی مگر خشک جگہ کا انتخاب بہتر ہوتا ہے، تاہم انہیں زیادہ ٹھنڈے ماحول، خصوصاً فریج میں رکھنا مناسب نہیں۔ کم درجہ حرارت آلو میں موجود نشاستے کو تیزی سے چینی میں تبدیل کر دیتا ہے، جس سے ذائقہ متاثر ہوتا ہے اور پکانے سے پہلے آلو سخت بھی ہو سکتے ہیں۔پیاز کو صحیح طریقے سے محفوظ رکھنا ضروری ہے، چاہے وہ کٹے ہوئے ہوں یا مکمل۔ ماہرین کے مطابق پیاز اور آلو کو ایک ساتھ رکھنے سے پیاز جلد خراب ہو سکتے ہیں، اس لیے دونوں کو الگ الگ جگہوں پر رکھا جانا چاہیے۔ مزید یہ کہ پیاز کو فریج میں رکھنے کے بجائے ایسی جگہ رکھنا چاہیے جہاں ہوا کی مناسب آمد و رفت ہو، کیونکہ یہ نسبتاً گرم ماحول میں بہتر رہتے ہیں۔لہسن کو فریج میں رکھنے سے اس میں پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جو کہ بیرونی چھلکے کے ساتھ ساتھ اندرونی حصے کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ اگرچہ فریج میں رکھنے سے بظاہر خراب ہونے کا عمل چھپ جاتا ہے، لیکن طویل مدت کے لیے یہ طریقہ مناسب نہیں۔ لہسن کو خشک اور نسبتاً گرم جگہ پر رکھنا زیادہ بہتر ہے، تاکہ اس کی تازگی برقرار رہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ خوراک کو محفوظ رکھنے کے لیے صرف فریج پر انحصار کرنا کافی نہیں، بلکہ ہر چیز کی نوعیت کے مطابق مناسب ذخیرہ کرنے کے اصول اپنانا ضروری ہے۔




