مارچ 20, 2026

جوان افراد میں ہارٹ اٹیک کی شرح میں اضافے کی اہم وجہ دریافت

ایسے شواہد مسلسل سامنے آ رہے ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ جوان افراد میں ہارٹ اٹیک کی شرح ماضی کی نسل کے مقابلے میں بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔درحقیقت معمر افراد میں ہارٹ اٹیک کی شرح میں کمی آئی ہے مگر جوان افراد (20 سے 50 سال) میں اضافہ ہوا ہے۔تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ جوان افراد میں ہارٹ اٹیک کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور تشویشناک امر یہ ہے کہ زیادہ تر مریضوں کو اس کی علامات کا بھی علم نہیں ہوتا۔اب ایک نئی تحقیق میں اس کی ایک ممکنہ وجہ بتائی گئی ہے اور وہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنا ہےواضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔ان غذاؤں کو متعدد دائمی امراض جیسے امراض قلب، کینسر اور دیگر سے منسلک کیا جاتا ہے اور اب نئی تحقیق میں ان کا ایک اور نقصان سامنے آیا ہے۔ٹیکساس یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ مقدار میں الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے دل کے سنگین مسائل کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ان غذاؤں کے زیادہ استعمال سے ہارٹ اٹیک، فالج یا امراض قلب سے موت کا خطرہ 67 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔درحقیقت ہر اضافی الٹرا پرایسس فوڈ کے استعمال سے ہارٹ اٹیک، فالج یا امراض قلب سے موت کا خطرہ 5 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔محققین نے بتایا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔اس تحقیق میں 45 سے 84 سال کی عمر کے 6814 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔آغاز میں یہ افراد امراض قلب سے محفوظ تھے اور پھر ان کی صحت کا جائزہ کچھ عرصے تک لیا گیا اور ان کی غذائی عادات کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔نتائج سے معلوم ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ 67 فیصد تک بڑھ جاتا ہےمحققین کے مطابق تحقیق کے نتائج کسی حد تک محدود ہیں کیونکہ اس میں ڈیٹا پر انحصار کیا گیا اور حقیقی زندگی میں اثرات کا رئیل ٹائم میں جائزہ نہیں لیا گیا۔مگر ان کا کہنا تھا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے حوالے سے ہونے والے تحقیقی کام میں پہلے ہی ان سے لاحق ہونے والے خطرات پر روشنی ڈالی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ تو بہتر یہی ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال کم از کم کریں۔