صحت مند زندگی گزارنے کی خواہش ہر انسان کی ہوتی ہے، خاص طور پر عمر بڑھنے کے ساتھ بیماریوں سے بچاؤ مزید اہم ہو جاتا ہے۔ اب ایک نئی تحقیق میں یہ جاننے کی کوشش کی گئی ہے کہ ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے مرض سے محفوظ رہنے کے لیے روزانہ کتنے گھنٹے کی نیند درکار ہوتی ہے۔طبی جریدے BMJ Open Diabetes Research & Care میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں نیند کے دورانیے اور انسولین کی حساسیت کے درمیان تعلق کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ماہرین کے مطابق نیند نہ صرف جسمانی آرام کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ بلڈ شوگر کے نظام کو متوازن رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔اس تحقیق کے لیے نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامینیشن سروے کے تحت جمع کیے گئے تقریباً 23 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ اس دوران یہ دیکھا گیا کہ نیند کا دورانیہ بلڈ گلوکوز کے افعال پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے، اور کیا ہفتہ وار تعطیلات میں زیادہ نیند لینے سے بھی کوئی مثبت اثر پڑتا ہے۔نتائج سے معلوم ہوا کہ ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچاؤ کے لیے ہر رات اوسطاً 7 گھنٹے اور 19 منٹ کی نیند بہترین سمجھی جاتی ہے، جبکہ ہفتہ وار چھٹی کے دن تقریباً 8 گھنٹے سونا زیادہ مفید ثابت ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق یہی دورانیہ انسولین کی حساسیت کو بہتر بناتا ہے اور بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔مزید یہ بھی سامنے آیا کہ اگر کوئی شخص عام دنوں میں کم نیند لیتا ہے مگر چھٹی کے دنوں میں 2 گھنٹے یا اس سے زیادہ اضافی نیند پوری کرتا ہے تو اس سے بھی جسم پر مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، خاص طور پر ان افراد کےلیے جو روزمرہ معمول میں مناسب نیند نہیں لے پاتے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے، تاہم ایک بات واضح ہے کہ باقاعدہ اور معیاری نیند صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ان کے مطابق روزانہ ایک ہی وقت پر سونا اور جاگنا نہ صرف جسمانی نظام کو متوازن رکھتا ہے بلکہ ذیابیطس جیسے امراض سے بچاؤ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔




