پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکومت آج جمعہ کے روز نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث مقامی سطح پر بھی پیٹرول اور ڈیزل کے نرخ اوپر جا سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے پاس مارچ کے مہینے کے لیے تیل کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، تاہم بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں تیزی نے حکومت کو نئی قیمتوں پر نظرثانی پر مجبور کر دیا ہے۔اس وقت عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے اثرات مقامی ایندھن کی قیمتوں پر بھی مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت نے اخراجات میں کمی اور ایندھن کے استعمال کو محدود کرنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات پر بھی عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔اس سلسلے میں کم فیول استعمال کی حکمت عملی کے تحت اسلام آباد میں آج سرکاری تعطیل رکھی گئی ہے، جبکہ حکومت نے جیٹ فیول اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی برآمدات پر پابندی بھی عائد کر دی ہے۔دریں اثنا وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا باضابطہ اعلان جمعہ کے روز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی قیمتوں کا تعین عالمی اوسط نرخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔واضح رہے کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث حکومت گزشتہ ہفتے ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کر چکی ہے، جس کے بعد مزید اضافے کے امکانات پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔




