مارچ 13, 2026

یوم القدس؛ ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات، اسلام آباد میں احتجاج کا امکان، کئی اہم سڑکیں بند

اسلام آباد:نماز جمعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کے سلسلے میں اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک پولیس نے کئی اہم راستے بھی بند کر دیے۔نماز جامعہ کے اجتماعات اور یوم القدس کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد پولیس کے 3500 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کے مطابق فیصل مسجد سمیت تمام مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت اور خصوصی ناکہ جات قائم کیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں پولیس کی مؤثر پٹرولنگ جاری ہے، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔وفاقی دارالحکومت میں جمعہ 13 مارچ 2026 کو ٹریفک کے لیے بڑے انتظامات کیے گئے ہیں۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا رہے گا، جبکہ دیگر تمام داخلی راستے بند رہیں گے۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستے استعمال کریں۔اہم شاہراہوں اور راستوں کی بندشیں بھی جاری ہیں۔ ایران ایونیو کے تمام داخلی و خارجی راستے بند ہیں۔چاند تارہ فلائی اوور سے سری نگر ہائی وے کے راستے سرینا چوک بند رہیں گے جبکہ آبپارہ سہروردی روڈ مکمل طور پر بند ہے۔مزید بندشوں میں رجب طیب اردوان فلائی اوور سے جناح ایونیو، کلثوم پلازہ چوک، سیونتھ ایونیو پل، فضل حق روڈ اور جیو چوک تک روڈ بند رہے گی۔حاجی کیمپ چوک سے اسلام آباد چوک تک روڈ مکمل بند ہے۔ آئی جے پی روڈ (گندم گودام سے فقیر ایپی روڈ) اور نیسکام سے آئی ٹین کی طرف جانے والی سروس روڈ بھی بند ہیں۔ آئی ایث سے آئی جے پی ڈبل روڈ دونوں اطراف سے مکمل بند ہیں۔راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک کلب روڈ سنگل سائیڈ بند رہے گی جبکہ پارک روڈ پر شہزاد ٹاون سے مشرف چوک تک سنگل سائیڈ بند ہے۔شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں اور ٹریفک کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم 92.4 سے رہنمائی حاصل کریں۔ مزید معلومات کے لیے پکار 15 یا ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔