نومبر 20, 2026

آپ اپنے پرانے فون کو انٹرنیٹ راؤٹر کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں، اس کا طریقہ جانیں

حالیہ برسوں میں یہ کافی عام ہوچکا ہے کہ لوگوں کے پاس ایک سے زیادہ اسمارٹ فونز ہوتے ہیں۔ہر سال متعدد نئے اسمارٹ فونز متعارف کرائے جاتے ہیں اور بیشتر افراد انہیں خرید لیتے ہیں جبکہ پرانا فون تاحال درست کام کر رہا ہوتا ہے۔بیشتر افراد ان فونز کو فروخت بھی نہیں کرتے بلکہ کسی جگہ رکھ دیتے ہیں کہ بعد میں کام آجائے گایا کسی دوست یا راشتے دار کو دے دیتے ہیں۔تو ایسے پرانے فون کو آپ انٹرنیٹ راؤٹر کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
وہ جگہ جہاں اسمارٹ فون کبھی چارج نہیں کرنا چاہیے
اگر آپ کا پرانا فون درست کام کر رہا ہے اور گھر میں بہترین انٹرنیٹ موجود ہے تو آپ اسے گھر میں کارآمد بنا سکتے ہیں۔آپ اسے گھر کے ڈیڈ زونز (جہاں انٹرنیٹ سگنلز بہت کم آتے ہیں یا بالکل نہیں ہوتے) کے لیے وائی فائی فراہم کرنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں یا پورٹ ایبل راؤٹر کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے تھرڈ پارٹی ایپس انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔بلٹ ان ہاٹ اسپاٹ فیچر لگ بھگ تمام اسمارٹ فونز میں ہوتا ہے جن سے پرانے فون کو ایک راؤٹر میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
تو ایسا کیسے ممکن ہے؟
آئی او ایس (آئی فونز) اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں پرانے فون کو راؤٹر میں تبدیل کرنے کا عمل ایک جیسا ہی ہے۔سب سے پہلے سیٹنگز میں پرسنل ہاٹ اسپاٹ سیٹنگز میں جائیں۔اپنے فون کے ہاٹ اسپاٹ کو سیٹ کریں، اس کے لیے نیٹ ورک کا نام دیں اور پاس ورڈ تشکیل دیں۔اگر آپ کے پاس آپشن موجود ہو تو ٹائم آؤٹ پیریڈ بھی سیٹ کریں، جس سے مخصوص وقت کے بعد ہاٹ اسپاٹ خودکار طور پر ٹرن آف ہو جائے گا، تاکہ فون کی بیٹری لائف بڑھ سکے۔اس کے بعد اسمارٹ فون میں ہاٹ اسپاٹ کو ٹرن آن کر دیں۔جب فون وائی فائی نیٹ ورک سگنل سینڈ کرنے لگے گا تو آپ اس سے دیگر ڈیوائسز کو بھی کنکٹ کرسکتے ہیں، اس کا طریقہ ویسا ہی ہے جیسے آپ کسی وائی فائی نیٹ ورک سے ڈیوائس کو کنکٹ کرتے ہیں۔بس فون کے نیٹ ورک کے نام پر کلک کرکے پاس ورڈ کا اندراج کرنا ہوگا۔