یوٹیوب میں صارفین کے لیے حالیہ برسوں کی ایک بہت بڑی اور اہم اپ ڈیٹ کی گئی ہے۔یوٹیوب کی جانب سے سرچ فلٹرز کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔اس تبدیلی کو بتدریج یوٹیوب ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔اس تبدیلی سے صارفین کو یوٹیوب میں مطلوبہ مواد آسانی سے تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ یوٹیوب سرچ میں شارٹس ویڈیوز کے لیے نئے مختص فلٹرز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ان فلٹرز کے ذریعے صارفین تعین کرسکیں گے کہ وہ سرچ رزلٹس میں صرف شارٹس ویڈیوز کو دیکھیں یا طویل ویڈیوز، چینلز، پلے لسٹس یا فلموں تک محدود رہیں۔اس سے قبل یوٹیوب سرچ رزلٹس شارٹس اور طویل ویڈیوز کو اکٹھے دکھایا جاتا تھا اور صارفین کو مطلوبہ مواد ڈھونڈنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا تھا۔اس تبدیلی سے صارفین شارٹس ویڈیوز کو سرچ رزلٹس سے مکمل طور پر ہٹا سکیں گے یا صرف مختصر ویڈیوز کو تلاش کرسکیں گے۔تو اگر کسی صارف کو شارٹس ویڈیوز میں دلچسپی نہیں تو وہ آرام سے مطلوبہ طویل ویڈیو تلاش کرسکیں گے۔البتہ یوٹیوب کی جانب سے دیگر سرچ کیٹیگریز کو بھی ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔جیسے ویڈیو دورانیے کے فلٹر میں انڈر 4 منٹ آپشن اور مڈ رینج بریکٹ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔سارٹنگ آپشن میں ویو کآنٹ آپشن کو popularity آپشن سے تبدیل کیا جا رہا ہے جس میں ویوز کے ساتھ واچ ٹائم کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ لاسٹ آور اور سارٹ بائی ریٹنگ فلٹرز کو پلیٹ فارم سے ہٹایا جا رہا ہے۔




