نومبر 20, 2026

ملک میں سائبر خطروں سے نمٹنے کے لیے عالمی سائبر سیکیورٹی کمپنی کے ساتھ اہم معاہدہ

پاکستان نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم (پی کے سرٹ) اور عالمی سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے مابین ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔پاکستان کی قومی سائبر سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اس اہم معاہدے کے تحت سائبر خطرات کی شناخت، ان کے تدارک، اور روک تھام کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔پی کے سرٹ اور کیسپرسکی کے درمیان یہ شراکت داری ملک میں سائبر مزاحمت کو مضبوط کرنے پر مرکوز ہے۔ اس کے تحت مختلف مربوط اقدامات کیے جائیں گے جن میں وسیع تربیتی پروگرام اور آگاہی مہمات شامل ہیں تاکہ حکومت، صنعتی اداروں، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے تمام طبقات کی عملی تیاری کو بہتر بنایا جا سکے۔یہ اشتراک استعداد کار میں اضافے کے لیے بھی کام کرے گا تاکہ ایک باصلاحیت سائبر سیکیورٹی افرادی قوت تیار کی جا سکے جو قومی و بین الاقوامی معیار کے مطابق ہو۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے پاکستان بھر میں متعلقہ فریقین تک قابلِ عمل سائبر خطرات سے متعلق معلومات بروقت پہنچانے کو بھی یقینی بنائیں گے۔اس معاہدے کے تحت پاکستان کی نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم اور کیسپرسکی سائبر سیکیورٹی کے مختلف شعبوں میں تعاون کریں گے، جن میں قانون سازی و ریگولیشنز، واقعات کی نشان دہی و ردعمل، تدارک کی حکمتِ عملی، سائبر سیکیورٹی تعلیم، تحقیق و ترقی اور معلومات کے پیشہ ورانہ تبادلے شامل ہیں۔دونوں ادارے سائبر خطرات اور حملوں سے متعلق تکنیکی معلومات، انٹیلیجنس، اور ڈیٹا فیڈز کا تبادلہ بھی کریں گے تاکہ پاکستان کے شہریوں، کاروباروں، اور سرکاری اداروں کو بہتر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ اس معاہدے پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل نیشنل سرٹ ڈاکٹر حیدر عباس (تمغہ امتیاز) اور کیسپرسکی کے جنرل منیجر برائے مشرقِ وسطیٰ اور پاکستان راشد المومنی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر کیسپرسکی کے سی ای او یوجین کیسپرسکی اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی حکومتِ پاکستان شزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔