نومبر 19, 2026

ہونڈائی کا امریکی فیکٹری میں روبوٹس سے کام لینے کا فیصلہ

لاس ویگاس: جنوبی کوریا کے ہونڈائی موٹر گروپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2028 سے امریکی ریاست جارجیا میں اپنی مینوفیکچرنگ فیکٹری میں روبوٹس تعینات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد زیادہ خطرناک اور بار بار دہرائے جانے والے پیداواری کاموں کو خودکار بنانا ہے۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہونڈائی نے لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرانکس شو (CES) کے موقع پر اپنے ذیلی ادارے بوسٹن ڈائنامکس کی تیار کردہ ہیومنائیڈ روبوٹ اٹلس (Atlas) کا پروڈکشن ورژن متعارف کرایا۔ کمپنی نے بتایا کہ وہ 2028 تک سالانہ 30 ہزار روبوٹس تیار کرنے کی صلاحیت رکھنے والی فیکٹری قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔کمپنی نے روبوٹس کی قیمت ظاہر نہیں کی، تاہم بیان میں کہا گیا کہ ”فزیکل اے آئی” کے فروغ کے تحت ان روبوٹس کو مرحلہ وار اپنی تمام مینوفیکچرنگ سائٹس پر منتقل کیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر 2028 سے روبوٹس پرزہ جات کی ترتیب (پارٹس سیکوئنسنگ) کے کام انجام دیں گے، جبکہ حفاظت اور معیار کے فوائد کی توثیق کے بعد ان کے استعمال کو بتدریج بڑھا دیا جائے گا۔ہونڈائی کے مطابق 2030 تک اٹلس روبوٹس بھاری وزن اٹھانے، مسلسل حرکات اور پیچیدہ آپریشنز جیسے کام بھی سنبھال سکیں گے۔کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹس کارکنوں پر جسمانی دباؤ کم کرنے کے لیے زیادہ خطرناک اور مشکل کام سنبھالیں گے، جس سے صنعتی شعبے میں وسیع تر تجارتی استعمال کی راہ ہموار ہوگی۔
اب روبوٹ انسانوں کی طرح ’’درد‘‘ بھی محسوس کر سکیں‌ گے!
دریں اثنا، ہونڈائی کی ذیلی کمپنی میں مزدور یونین نے گزشتہ سال اے آئی کے دور کی تیاری کے لیے مزدور حقوق سے متعلق ممکنہ مسائل پر غور کرنے کے لیے ایک ادارہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، کیونکہ کارکنان نے بڑھتی ہوئی خودکاری پر تشویش ظاہر کی تھی۔