نومبر 20, 2026

امرود کچا ہے یا پکا؟ 99 فیصد لوگ غلطی کردیتے ہیں، پہچاننے کا صحیح طریقہ جانیں

امرود ایک ایسا پھل ہے جو ذائقے کے ساتھ ساتھ صحت کیلئے بھی بے حد مفید سمجھا جاتا ہے۔وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور امرود انسانی جسم کو مختلف قسم کے انفیکشن سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہوئے انسانی خلیات کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھتاہے۔امرود میں زیادہ مقدار میں پایا جانے والا فائبر دل اور بلڈ شوگر کی صحت بہتر بنانے کیلئے بھی ضروری ہے۔کئی بار دیکھنے میں اچھا لگنے والا امرود ذائقے میں پھیکا یا کچا نکل آتا ہے لیکن ایسے میں ضروری ہے کہ خریدتے وقت میٹھے اور اچھے امرود کی صحیح پہچان کی جائے۔
پہچاننے کا طریقہ
میٹھے امرود کی پہچان اس کے رنگ سے کی جا سکتی ہے، کچے امرود کا رنگ گہرا سبز ہوتا ہے جبکہ پکا اور میٹھا امرود ہلکے سبز یا ہلکے پیلے رنگ کا ہوتا ہے۔اس کے علاوہ اچھے امرود کا چھلکا ہموار اور صاف ہوتا ہے، اگر چھلکے پر بہت زیادہ دھبے، جھریاں یا کالے نشان ہوں تو ایسے امرود سے پرہیز کرنا چاہیے، ہلکے پھلکے قدرتی نشان قابلِ قبول ہوتے ہیں لیکن بہت زیادہ خراب چھلکا اس بات کی علامت ہو سکتا ہے کہ امرود اندر سے خراب ہے۔بہت زیادہ پیلا امرود زیادہ پکا ہوا ہو سکتا ہے جس کا ذائقہ خراب بھی ہو سکتا ہے، اس لیے ہلکا پیلا سبز رنگ سب سے بہتر سمجھا جاتا ہے، میٹھا امرود زیادہ سخت نہیں ہوتا اور ہلکا سا دبانے پر وہ کچھ نرم محسوس ہونا چاہیے۔ اگر امرود بالکل سخت ہو تو وہ کچا ہو سکتا ہے اور ذائقے میں پھیکا ہوگا جبکہ بہت زیادہ نرم امرود زیادہ پکا ہوا یا سڑا ہوا بھی ہو سکتا ہے۔اچھا اور رسیلا امرود عموماً اپنے سائز کے حساب سے وزنی محسوس ہوتا ہے، ہلکا امرود اندر سے خشک یا کچا ہو سکتا ہے تو ایسے میں درمیانے سائز اور وزن میں بھاری امرود ذائقے میں بہتر سمجھا جاتا ہے۔ پکا اور میٹھا امرود ہلکی سی میٹھی خوشبو دیتا ہے، اگر امرود سے کوئی خوشبو نہ آئے تو ممکن ہے کہ وہ ابھی پوری طرح پکا نہ ہو لیکن بہت تیز یا عجیب بو خراب امرود کی نشانی ہو سکتی ہے۔امرود کا گودا صاف اور تازہ نظر آنا چاہیے۔ سفید یا ہلکا گلابی گودا اچھے امرود کی پہچان ہے، بہت زیادہ بھورا یا پانی دار گودا خراب ذائقے کی علامت ہوتا ہے۔ اس تھوڑی سی سمجھداری اور صحیح پہچان کے ساتھ آپ بازار سے ہمیشہ میٹھا اور ذائقہ دار امرود خرید سکتے ہیں، رنگ، بناوٹ، وزن اور خوشبو پر دھیان دے کر درست امرود چننا آسان ہو جاتا ہے۔