جنوری 21, 2026

کراچی میں سردیاں شروع ہوتے ہی دل کےمریضوں کی تعداد میں اضافہ

کراچی میں سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔
ڈائریکٹرسندھ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز ڈاکٹرجاوید اکبر سیال نے جیونیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں کے آغاز سے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کا لوڈ بڑھ گیا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکبر سیال کے مطابق سردیوں میں ریسپائریٹری انفیکشن دل کے مریضوں کیلئے خطرناک ہوتے ہیں، این آئی سی وی ڈی اور ایس آئی سی وی ڈی میں مریضوں کی تعداد میں 30 سے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سرد موسم دل کے مریضوں کیلئے خطرناک کیوں؟
انہوں نے کہا کہ سرد موسم میں خون کی نالیاں سکڑنے سے دل پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، سانس کی بیماریاں دل پر شدید اثر ڈالتی ہیں، سردیوں میں دل کے دورے اور انجائنا کے کیسز بڑھے ہیں جب کہ سردیوں میں دل کے مریض انفیکشن کا بھی جلد شکار ہو جاتے ہیں۔
احتیاطی تدابیر
ڈاکٹر جاوید اکبر سیال کاکہنا تھا کہ سردیوں میں دل کے مریض خود کو سردی سے محفوظ رکھیں، بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کو کنٹرول میں رکھنا نہایت ضروری ہے جب کہ نزلہ، کھانسی، بخار یا سینے میں درد کی صورت میں فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔