اگر آپ گوگل کروم استعمال کرتے ہیں تو اس کے ایک نئے فیچر کو استعمال کرکے دیکھیں جو کچھ عرصے قبل متعارف کرایا گیا مگر بیشتر صارفین کو اس کا علم ہی نہیں ہوسکا۔اسپلٹ ویو نامی فیچر کی آزمائش کافی عرصے سے کی جا رہی تھی اور اب یہ بیشتر صارفین کو دستیاب ہے۔یہ فیچر ایسے افراد کے لیے بہترین ہے جو گوگل کروم کو اپنے کام کے لیے استعمال کرتے ہیں اور متعدد ویب سائٹس اوپن کرتے ہیں۔اب کسی ویب سائٹ کے کسی لنک کو نئے ٹیب میں اوپن کرنے کی بجائے وہ براہ راست اسپلٹ موڈ پر اوپن کرسکیں گے، جس سے کروم پر ٹیبز کی تعداد زیادہ نہیں ہوگی۔اس فیچر کو استعمال کرنا بھی آسان ہے بس کسی لنک کے اوپر ماؤس سے رائٹ کلک کرنے کے بعد اوپن نیو ٹیب کی بجائے اس کے نیچے موجود اسپلٹ ویو آپشن پر کلک کریں۔ایسا کرنے سے 2 براؤزنگ ٹیبز سائیڈ بائی سائیڈ اوپن ہو جائیں گی۔اس طرح کے فیچر کے لیے گوگل کروم کے لیے پہلے کوئی تھرڈ پارٹی ایپ بھی دستیاب نہیں تھی بلکہ 2 براؤزر ونڈوز کو اوپن کرکے انہیں اکٹھا کیا جاتا تھا۔گوگل کروم کے نئے اسپلٹ فیچر میں اس عمل کو آسان بنا دیا گیا ہے، بس چند کلک کرکے آپ 2 ٹیبز کو اکٹھے اوپن کرسکتے ہیں، ان کی پوزیشن ریورس کرسکتے ہیں یعنی دائیں یا بائیں جانب منتقل کرسکتے ہیں، یا کسی ایک کو بڑا اور دوسرے کو چھوٹا بناسکتے ہیں۔جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر اب لگ بھگ تمام صارفین کو دستیاب ہے تو آپ اسے ابھی چیک کرسکتے ہیں جس کا طریقہ اوپر بتا دیا گیا ہے۔اگر آپ اسپلٹ ویو ختم کرنا چاہتے ہیں تو اسی ٹیب پر رائٹ کلک کرکے اسپلٹ ویو کے آپشن میں جاکر دائیں یا بائیں جانب کے ویو کو بند کرسکتے ہیں۔گوگل کے مطابق اسپلٹ ویو اس وقت بھی مددگار ثابت ہوگا جب آپ نے ایک جانب کسی ڈاکومنٹ کو اوپن کیا ہوا ہے جبکہ دوسری جانب آپ کسی ویڈیو کال میں مصروف ہیں، اس طرح نوٹس لکھنا آسان ہو جائے گا۔




