مئی 1, 2026

واٹس ایپ میں جلد فون نمبروں کے ذریعے کالز کرنا ممکن نہیں ہوگا

واٹس ایپ کی جانب سے ایک ایسے فیچر پر کام کیا جار ہا ہے جس سے میسجنگ پلیٹ فارم میں کالز کے لیے فون نمبر کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق مستقبل قریب میں واٹس ایپ صارفین فون نمبر کی بجائے دیگر صارفین کو یوزر نیم سے سرچ کرکے چیٹ اور کالز کریں گے۔اس فیچر کا اشارہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں دیکھنے میں آیا۔یعنی صارفین کانٹیکٹ تفصیلات شیئر کیے بغیر دیگر افراد سے رابطہ کرسکیں گے۔اس سے قبل رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے یوزر نیم کی (key) سسٹم پر کام کیا جا رہا ہے جس کا مقصد اضافی پرائیویسی اور سکیورٹی فراہم کرنا ہے۔نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یوزر نیم سے دیگر افراد سے رابطے کے فیچر پر ابھی بھی کام کیا جا رہا ہے اور ابھی بیٹا صارفین کو بھی دستیاب نہیں۔البتہ اس فیچر کے ذریعے صارفین کو دیگر افراد کو کالز ٹیب میں سرچ بار استعمال کرکے یوزر نیم کے ذریعے تلاش کریں گے۔اگر انہوں نے درست یوزر نیم کو ٹائپ کیا تو پھر وائس یا ویڈیو کال کرنا ممکن ہوگا، مگر اس کا انحصار دوسرے فرد کی پرائیویسی سیٹنگز پر ہوگا۔آپ کال سے پہلے دوسرے فرد کی پروفائل فوٹو کو بھی دیکھ سکیں گے مگر اس کا انحصار بھی پرائیویسی سیٹنگز پر ہوگا۔یوزر نیم پر مبنی یہ سسٹم واٹس ایپ صارفین کو اضافی پرائیویسی فراہم کرے گا کیونکہ فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔البتہ یہ ابھی واضح نہیں کہ اس فیچر میں یوزر نیم فارمیٹ، دستیاب اور دیگر کنٹرولز کو کیسے استعمال کیا جائے گا۔