نومبر 19, 2026

اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس

زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز راولپنڈی کے شمال مغرب میں 60 کلو میٹر کا علاقہ تھا، زلزلے کے جھٹکے 12 بجکر 31 منٹ پر محسوس کئے گئے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات پاکستان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز راولپنڈی کا شمال مشرقی علاقہ ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ زلزلے کا مرکز راولپنڈی سے شمال مغرب میں 60 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسے زلزلے کے بارے میں ابتدائی رپورٹس موصول ہوگئیں جن کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گجرات فیصل آباد سمیت پنجاب کے دیگر علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے آئے۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا کہ ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز راولپنڈی شمال مغرب جب کہ گہرائی 12کلومیٹر تھی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پنجاب کے کسی بھی علاقے سے جانی و مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی، زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اے کے پراونشل کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 الرٹ ہیں، زلزلہ سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔ادھر ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد نے کہا کہ پنجاب بھر میں کسی بھی ضلع میں زلزلہ کے حوالے سے کوئی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی، پراونشل مانیٹرنگ سیل پنجاب بھر کے ایمرجنسی کنٹرول روم سے رابطے میں ہے۔