بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی کی کار کو حادثۃ پیش آیا ہے، دادا کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ مغربی بنگال کے ضلع ہردوان میں دُرگاپور ایکسپریس وے پر پیش آیا جہاں سارو گنگولی سفر کر رہے تھے۔ سڑک پر اچانک ٹرک سامنے آنے کے بعد بریک لگانے سے پیچھے کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ ان گاڑیوں میں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی کی کار بھی شامل تھی۔ سابق کرکٹر ایک پروگرام میں شرکت کے لیے ٹیم کے ہمراہ وہاں سے گزر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس حادثے میں سارو گنگولی سمیت ان کے کسی ساتھی کو کوئی چوٹ نہیں آئی اور وہ سب محفوظ رہے تاہم ان کے قافلے میں شامل دو گاڑیاں شدید متاثر ہوئیں۔ حادثے کے بعد پولیس وہاں پہنچ گئی، جس نے راستہ کلیئر کرایا اور اس کے بعد گنگولی اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔




