پنجاب حکومت نے 30 لاکھ خاندانوں کے لیے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے، 25 فروری سے مستحق خاندانوں کو فی کس 10 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ دس ہزار بنک پے آرڈر کے ذریعے دیئے جائیں گے، منصوبے کے تحت بنک آف پنجاب لاہور پاکستان پوسٹ آفس کو روزانہ 5 لاکھ پے آرڈرز انشورڈ لیٹرز کی صورت میں جاری کرے گا۔ پاکستان پوسٹ رقم پنجاب بھر میں مستحقین تک پہنچائے گی، محکمہ ڈاک کے ڈائریکٹر جنرل سمیع اللہ خان کی ہدایت پر بکنگ، پراسیسنگ، اور خصوصی ترسیل کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پراجیکٹ کی تکمیل تک پنجاب میں واقع ڈاکخانوں کے تمام عملے کی ہر طرح کی چھٹیوں اور تبادلوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پراجیکٹ کے دوران ملازمین کیلئے صبح ساڑھے آٹھ بجے سے کام شروع کریں گے چھٹی کا کوئی مقررہ وقت نہیں ہوگا تاحکم ثانی پنجاب پوسٹ کی ہفتہ اتوار سمیت تمام چھٹیاں بند کر دی گئی ہیں، پراجیکٹ کی تکمیل تک 24 گھنٹے تک کام ہوگا۔ بنک آف پنجاب ان لفافوں پر پاکستان پوسٹ کے فراہم کردہ ”سکین شدہ ای” بارکوڈز چسپاں کرے گا، تیار شدہ لفافے مستحق افراد کی فہرست کے مطابق وقت پر دستیاب ہوں۔ہر آرٹیکل کے لیے پروف آف ڈیلیوری (POD) حاصل کیا جائے گا۔ کوئی پوسٹ آفس اہلکار جعلی ترسیلی ریمارکس دے گا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی، منصوبے میں کام کرنیوالے افسران و اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر پرکشش اعزازیہ سے نوازا جائے گا۔




