جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم سمتھ نے ٹو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ کی مخالفت کردی۔ دو رویہ ٹیسٹ کرکٹ کو متعارف کرانے کے حوالے سے چند روز قبل تجاویز کو رپورٹ کیا گیا تھا تاہم اب بتایا جارہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم سمتھ نے ٹو ڈویژن ٹیسٹ کرکٹ کی مخالفت کردی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ نے بھی دو رویہ ٹیسٹ کرکٹ کو غیر متاثر کن قرار دیا ہے۔ اس حوالے سےجنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم سمتھ کا کہنا ہے کہ کیا آپ ایسی دنیا دیکھ سکتے ہیں جہاں صرف3 ممالک ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں ،میں نے نوٹ کیا ہے کہ انگلینڈ، بھارت اور آسٹریلیا ایک دوسرے سے اگلے سرکل میں کتنا کھیل رہے ہیں یہ دوسرے ممالک کے لیے بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شاید بھارت کے لیے تو بہترین ہے کیونکہ دوسرے ممالک بھارت کو مالی طور پر اچھا سمجھتے ہیں، دنیا میں کونسا ایسا کھیل ہے جہاں صرف 3 ممالک آپس میں کھیلتے ہیں؟ گریم سمتھ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کیسے ایسا اسٹرکچر بنا سکتی ہے جو صرف ٹاپ تھری کے لیے اچھا ہو ،ورلڈ کرکٹ کو ضرورت ہے کہ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز مضبوط ہوں، سری لنکا بہتر ہو ،جنوبی افریقہ کی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہے اور یہی چیز ہمارے لیے اہم ہے ۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ کاکہنا ہے کہ دو رویہ ٹیسٹ کرکٹ غیر متاثر کن آئیڈیا ہے جن ممالک نے ٹیسٹ اسٹیٹس کے لیے سخت محنت کی ان کے لیے یہ خوفناک بات ہے۔