لاہور کے رائیونڈ روڈ پر واقع وائلڈلائف سفاری پارک میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران شیر کے سات بچوں کی پیدائش ہوئی ہے جبکہ اس سے قبل رائل بنگال ٹائیگر کے تین بچوں کی بھی صحت مند بریڈ لی گئی ہے۔ لاہور سفاری پارک میں تین شیرنیوں نے سات بچوں کو جنم دیا ہے، ایک کے ہاں تین جبکہ باقی دو نے دو،دو بچوں کو جنم دیا۔ ان نئے مہمانوں میں دو بچے سفید ہیں۔ لاہور سفاری زو کے ڈائریکٹر تنویر احمد جنجوعہ نے بتایا کہ تمام بچے صحت مند ہیں اور کافی اچھی بریڈ آئی ہے۔ ادھر سفاری زو سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق چار بچوں کو پیدائش کے بعد ان کی ماؤں نے انہیں قبول نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کی ہینڈ فیڈنگ کی جارہی ہے۔ جبکہ باقی بچے اپنی ماؤں کے ساتھ اٹھکھیلیاں کرتے نظر آتے ہیں۔سفاری زو حکام کے مطابق شیر کے بچوں کی پیدائش سے قبل رائل بنگال ٹائیگر کے بھی تین بچوں کی پیدائش ہوئی جن کی عمر اب چند ہفتے ہوچکی ہے۔ نئے مہمانوں میں تین نر اور چار مادہ ہیں۔ بچوں کی پیدائش کے بعد لاہور سفاری پارک میں شیروں کی آبادی 22 سے بڑھ کر 29 ہوگئی ہے۔ ویٹرنری ماہرین کے مطابق بگ کیٹس کا یہ رویہ ہے کہ اگر انہیں اپنے نوزائیدہ بچوں میں کوئی نقص محسوس ہو تو مادہ انہیں قبول نہیں کرتی اور انہیں دودھ نہیں پلاتی، اس وجہ سے پھر ان بچوں کو گائے بھینس کا دودھ پلایا جاتا ہے۔