ایک سروے میں لاکھوں امریکیوں نے اپنے کسی عزیز کے منشیات یا شراب نوشی کے استعمال سے نقصان پہنچنے کا تجربہ شیئر کیا ہے۔ایک ملک گیر سروے میں ہر 3 میں سے ایک بالغ شہری نے اطلاع دی کہ انہیں دوسرے شخص کے شراب نوشی سے جسمانی یا جذباتی نقصان پہنچا ہے۔حال ہی میں جرنل آف اسٹڈیز آن الکوحل اینڈ ڈرگز میں شائع ہونے والے سروے کے مطابق یہ تقریباً 160 ملین متاثرین ہیں جن میں سے 113 ملین اپنے پیاروں کی شراب نوشی سے اور 46 ملین دوسرے کے منشیات استعمال سے زخمی ہوئے۔کیلیفورنیا میں قائم پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ کے الکوحل ریسرچ گروپ کے مطالعہ کے شریک مصنف ولیم کیر نے کہا کہ یہ اطلاعات اور نقصانات لوگوں کی سوچ سے بھی کہیں زیادہ ہیں جو خاندانوں، رشتوں اور برادریوں کو متاثر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شراب نوشی اور منشیات کے استعمال کے بہت دور رس نتائج ہوتے ہیں لیکن محققین نے حالیہ برسوں میں الکوحل کے استعمال سے دوسروں کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینا شروع کیا ہے۔